امریکا ایران مذاکرات سے متعلق وزیراعظم،فیلڈمارشل اور وزیرخارجہ کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہیں ،گورنر بلوچستان واور وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نوابزادہ خالد خان مگسی نے کہاہے کہ امریکا ایران مذاکرات سے متعلق وزیراعظم،فیلڈ مارشل اور وزیرخارجہ کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہیں

کوئٹہ۔ 13 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نوابزادہ خالد خان مگسی نے کہاہے کہ امریکا ایران مذاکرات سے متعلق وزیراعظم،فیلڈ مارشل اور وزیرخارجہ کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہیں ،خطے میں کشیدہ صورتحال سے حالات گھمبیر اور مہنگائی بڑھ گئی ہے ،وفاقی وصوبائی حکومتوں سمیت تمام ادارے امن وامان کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو گورنر ہائوس میں صدارتی ایوارڈز کی تقسیم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہاکہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی نمایاں کارکردگی پر صدر پاکستان کی جانب سے ایوارڈز تقسیم کئے گئے ،یہ ان افراد کی حوصلہ افزائی کرنی تھی تاکہ وہ ملک وقوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں ،انہوں نے کہاکہ امن وامان ایک بڑا مسئلہ ہے اس حوالے سے سنجیدہ کوششیں جاری ہے ،مشکل حالات کامقابلہ مل کر کیا جا سکتاہے ،شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہاکہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان نے اہم کردارادا کیا اب فریقین پر منحصر ہے کہ وہ ایک دوسرے پر کتنا اعتماد کرتے ہیں پاکستان نے اپنی طرف سے کوششیں جاری رکھی ہیں مذاکرات کیلئے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر اور وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہیں ۔خطے میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے حالات گھمبیر ہو گئے ہیں ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نوابزادہ خالد خان مگسی نے کہاکہ گورنر بلوچستان کا مشکور ہوں ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیا اور اس میں ہم نے شرکت کی۔گورنر شیخ جعفر مندوخیل میرے لئے قابل احترام ہے وہ میرے بڑے بھائی کا دوست ہے ،انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی انضمام کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی مشکل حالات میں برقرار ہے ،آئندہ بھی یہ پارٹی ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردارادا کرتی رہے گی،انہوں نے اپیل کی کہ افواہیں پھیلانے سے گریز کیاجائے یہ صوبے اور سیاست کیلئے اچھی بات نہیں ہے ۔