امریکہ ایران مذاکرات قیام امن کے لئے اہم قدم ہیں، و زیراعظم شہباز شریف کی کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی سے گفتگو
امریکہ ایران مذاکرات قیام امن کے لئے اہم قدم ہیں، و زیراعظم شہباز شریف کی کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ ایران مذاکرات قیام امن کے لئے اہم قدم ہیں،پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کی جانب بامعنی پیش رفت کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں ٹیلی فون کیا۔ کینیڈین وزیراعظم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کی امن کوششوں پر مبارکباد پیش کی جن کی بدولت عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات منعقد ہوئے۔
پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے کینیڈا کی توثیق اور حمایت کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ ایران مذاکرات امن کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور یقین دلایا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کی جانب بامعنی پیش رفت کے لیے دونوں فریقین پر زور دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیڈین وزیراعظم کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔








