امریکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کانوٹس لے، سید فخر امام

اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ وہاں کی ریاستی دہشت گردی کی اپنی طویل حکمرانی کو ختم کرے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو چاہیے …

اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا فوری نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ وہاں کی ریاستی دہشت گردی کی اپنی طویل حکمرانی کو ختم کرے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے اپنے فوجی دستے ہٹا دے اور کشمیر تنازعہ کو بات چیت کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کرے۔ فخر امام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں ، مبصرین اور آزاد میڈیا کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہزاروں بھارتی فوجیوں نے ان تمام دنوں میں لاکھوں کشمیریوں کو اپنے گھروں میںمقید رکھا ہے۔ فخرامام نے کہا کہ وادی کشمیر میں عوامی ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے ، مارکیٹیں اور کاروباری ادارے بند ہیں، کشمیری معاشی طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے انتہا پسندانہ نظریے کی وجہ سے بھارت کو بھی نقصان اٹھانا پڑے گا، مسئلہ کشمیر کو پاکستان نے عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور عالمی برادری نے اسے ایک تنازعہ کے طور پر تسلیم بھی کیا ہے۔ سید فخر امام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کے ظالمانہ اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کشمیریوں سے شہریت اور زمین کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ناانصافی کی تمام حدیں عبور کردی ہیں۔انہوں نے دنیا کے اہم ممالک کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء میں امن کی بحالی کے انسانیت کی بنیاد پر طویل عرصے سے جاری تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد کریںاور یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت عالمی رہنماؤں سے کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت سے آگاہ کرنے کے لئے رجوع کرے گی۔