سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں اسکالرشپ پروگرام کا اجرا اہم اقدام ہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں اسکالرشپ پروگرام کا اجرا اہم اقدام ہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت ۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس کے دورے کے موقع پر طلبہ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں اسکالرشپ پروگرام کا اجرا ایک اہم اقدام ہے، جس سے گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سطح پر سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔گلگت بلتستان سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ ہمیں دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی بہترین مہمان نوازی کرنی ہے اور علاقے کے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ہے، جو حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں اپنی نوجوان نسل پر فخر ہے۔ حکومت نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر تعلیم، تربیت اور تعمیر و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے دنیا بھر میں کامیابی حاصل کرکے گلگت بلتستان اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔وزیراعلیٰ نے طلبہ پر زور دیا کہ ان کی اولین ترجیح حصولِ علم ہونی چاہیے اور انہیں اپنی تمام تر توانائیاں تعلیم کے حصول پر مرکوز رکھنی چاہئیں۔ اگر نوجوان اپنے قیمتی وقت کو ضائع کیے بغیر محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں گے تو ان کا مستقبل روشن ہوگا اور وہ عملی زندگی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کی اولین ترجیحات میں نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور ان کی دہلیز پر ترقی کے مواقع پہنچانا شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور بجٹ میں یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 7 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔