امریکی فٹبال لیگ ،لیونل میسی کی ہیٹ ٹرک سے انٹر میامی کی جیت، گولڈن بوٹ بھی اپنے نام کرلیا

نیویارک۔19اکتوبر (اے پی پی):انٹر میامی کےسٹار فٹ بالر لیونل میسی نےامریکی فٹبال لیگ ایم ایل ایس 2025 کے آخری میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ گولڈن بوٹ ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ای ایس پی این کے مطابق انٹر میامی نے اپنے 34 ویں میچ میں نیش ول کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ جیوڈس …

نیویارک۔19اکتوبر (اے پی پی):انٹر میامی کےسٹار فٹ بالر لیونل میسی نےامریکی فٹبال لیگ ایم ایل ایس 2025 کے آخری میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ گولڈن بوٹ ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ای ایس پی این کے مطابق انٹر میامی نے اپنے 34 ویں میچ میں نیش ول کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ جیوڈس پارک، نیش وِل، ٹینیسی میں کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی نے نیش وِل ایس سی کے خلاف 2-5 کی فتح میں تین گول سکور کیے اور ایک اسسٹ کیا۔

وہ سیزن میں 28 میچز میں 29 گولز کے ساتھ لیگ کے ٹاپ سکورر بنے۔38 سالہ لیونل میسی کے قریبی حریف ڈینس بوانگا (ایل اے ایف سی) اور سیم سرج (نیش وِل ایس سی) تھے، جنہوں نے 24 گول سکور کیے۔یہ لیونل میسی کا پہلا ایم ایل ایس گولڈن بوٹ ہے، اور وہ 19 اسسٹ کے ساتھ رواں سیزن میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔لیونل میسی صرف ایک گول کنٹری بیوشن کی کمی سے کارلوس ویلا کا ایم ایل ایس ریکارڈ (49) نہ توڑ سکے۔

ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت انٹر میامی ایسٹرن کانفرنس میں تیسرے نمبر پر رہا، اور پلے آف کے پہلے مرحلے میں دوبارہ نیش وِل کا سامنا کرے گا۔انٹرمیامی کے ہیڈ کوچ خاویر ماسچرانو نے کہا کہ لیونل میسی کو ایک بار پھر ایم وی پی ایوارڈ ملنا چاہیے، جس سے وہ لگاتار دوسری بار یہ اعزاز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔لیونل میسی نے گزشتہ سیزن میں بھی ایم وی پی جیتا تھا، جب انہوں نے 20 گولز اور 16 اسسٹ کے ساتھ انٹر میامی کو سپورٹرز شیلڈ جتوائی تھی۔