امریکی ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے امریکی آزادی منانے کے لئے لبرٹی بیل مہم کا افتتاح کردیا

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے "لیٹ فریڈم رِنگ" کے عنوان سے جمعرات کو لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریبِ رُونمائی کے دوران فریڈم 250 لبرٹی بیل انیشی ایٹو کا سرکاری طور پر افتتاح کیا گیا ۔ اس موقع پرناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے مشہورزمانہ لبرٹی بیل کےاصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رُونمائی کی جس کے ساتھ ہی امریکہ کے 250ویں …

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے "لیٹ فریڈم رِنگ” کے عنوان سے جمعرات کو لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریبِ رُونمائی کے دوران فریڈم 250 لبرٹی بیل انیشی ایٹو کا سرکاری طور پر افتتاح کیا گیا ۔ اس موقع پرناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے مشہورزمانہ لبرٹی بیل کےاصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رُونمائی کی جس کے ساتھ ہی امریکہ کے 250ویں یوم آزادی کا جشن منانے اور امریکہ کے قومی سفر اور عالمی اثر انگیزی میں امریکی سفارتکاری کے دیرپا کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریبات کے سلسلہ کا آغاز ہوگیا۔ریاست پنسلوانیہ کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع لبرٹی بیل امریکی آزادی اور جمہوریت کی سب سے پائیدار علامتوں میں سے ایک ہے۔ 1752 ء میں ڈھالا گیا یہ گھڑیال امریکی انقلاب میں اپنے تاریخی کردار کی وجہ سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے ۔

امریکی تاریخ کے اہم سنگ میل عبور کرنے کے مختلف مواقع پر اس گھڑیال کو بجایا جاتا تھا جس میں 1787 ء میں امریکہ کے آئین پر دستخط ہونا بھی شامل ہے، آج لبرٹی بیل آزادی، انصاف اور مساوات کے بنیادی امریکی نظریات کی یاد دلاتی ہے۔ تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل کی بطورقومی میراث اہمیت اورغلامی کے خاتمے سمیت تاریخ کے اہم لمحات کے ساتھ اُس کے تعلق کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ لبرٹی بیل امریکی آزادی کی ایک نمایاں علامت ہے، اس موقع پر یہاں لنکن کارنر میں ہماری موجودگی اس لئے بھی اہم ہے کہ یہ وہ مقام ہے جہاں پر ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے متعلق معلومات اورآزادی اظہارِ رائے سمیت امریکی اقدار کے حوالے سےتعلیم کو فروغ دیا جاتا ہے۔

ناظم الاُمور نے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی میں فلاڈیلفیا سے ذاتی طور پر تعلق رکھنے والے امریکی سفارتکاروں کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ "لیٹ فریڈم بیل رِنگ” کی مہم کے سلسلے میں آزادی گھڑیال سے مماثلت رکھنے والے 15علامتی گھڑیال پاکستان بھر میں موجود لنکن کارنرز میں تقسیم کئے جائیں گے اورمقامی مصوروں اور رضاکار طالب علموں کو مدعو کیا جائے گا کہ وہ "میرے لئے آزادی کا کیا مطلب ہے” کے عنوان سے لبرٹی بیل پر رنگ کریں۔

ان تخلیقی تشریحات کوجو”آزادی "کے وسیع ترنظریات کی عکاس ہوں گی ، آئندہ موسم گرما میں پاکستان میں امریکہ کے یومِ آزادی کے موقع پرمنعقد ہونے والی تقریبات میں نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔پاکستانیوں کی آوازوں اور صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ ایک یادگار ویڈیو بھی شیئر کرے گا جس میں ان سجے ہوئے گھڑیالوں کو نمایاں کیا جائے گا۔