لاس اینجلس ۔23نومبر (اے پی پی):کمپیوٹر چپس بنانے والی امریکی کمپنی براڈ کام نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ فرم وی ایم ویئر کو 69 ارب ڈالر میں خرید لیا جس کے بعد ٹیکنالوجی کے شعبے میں سب سے بڑے ٹیک اوور سودوں میں سے ایک سودا مکمل ہو گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق مذکورہ دو بڑی امریکی کمپنیوں کے انضمام کے معاہدے کے لئے آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، یورپی یونین، اسرائیل، …
امریکی چپ ساز کمپنی براڈ کام نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ فرم وی ایم ویئر کو 69 ارب ڈالر میں خرید لیا

مزید خبریں
لاس اینجلس ۔23نومبر (اے پی پی):کمپیوٹر چپس بنانے والی امریکی کمپنی براڈ کام نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ فرم وی ایم ویئر کو 69 ارب ڈالر میں خرید لیا جس کے بعد ٹیکنالوجی کے شعبے میں سب سے بڑے ٹیک اوور سودوں میں سے ایک سودا مکمل ہو گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق مذکورہ دو بڑی امریکی کمپنیوں کے انضمام کے معاہدے کے لئے آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، یورپی یونین، اسرائیل، جاپان، جنوبی افریقا، جنوبی کوریا، تائیوان اور برطانیہ سے منظوری لی گئی ۔
براڈ کام کی طرف سے جاری بیان کے مطابق معاہدے کے بعدنیویارک سٹاک ایکسچینج میں وی ایم ویئر کے حصص کا لین دین بند ہو جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کی سب سے آخرمیں منظوری چین کی طرف سے گزشتہ ہفتے امریکی اور چینی صدور کے درمیان ملاقات کے بعد دی گئی۔ چین کی طرف سے آخری کلیئرنس سے قبل دنیا بھر کے ریگولیٹرز کے ذریعے اس معاہدے کی جانچ پڑتال کی گئی۔
قبل ازیں ان خدشات کا اظہار کیا گیا تھا کہ امریکا چین کشیدگی کے بعد چین کی طرف سے اس معاہدےکی کلیئرنس میں تاخیر سے اس معاہدے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ امریکی کمپنی براڈ کام کا ہیڈ آفس سان ہوزے، کیلیفورنیا میں ہے اور یہ سیمی کنڈکٹر چپس کو ڈیزائن، تیار اور سپلائی کرتا ہے جبکہ یہ انفراسٹرکچر سافٹ ویئر حل بھی پیش کرتی ہے۔
وی ایم ویئر بھی ایک امریکی کمپنی بھی ہے جس کا صدر دفتر پالو آلٹو، کیلیفورنیا میں ہے یہ ورچوئلائزیشن سافٹ ویئر تیار کرتی ہے جو صارف کو کمپیوٹر سسٹم کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے فزیکل کمپیوٹر پر ورچوئل کمپیوٹر چلانے کے قابل بناتا ہے۔
براڈ کام کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہاک ٹین نے کہا ہے کہ وہ دنیا کی سرکردہ انفراسٹرکچر ٹیکنالوجی کمپنی بنانے کے لیے اپنی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔ وہ ایک ساتھ نجی اور ہائبرڈ کلاؤڈ ماحول بنانے کی امید کرتے ہیں جہاں صارفین کہیں بھی ایپس چلا سکتے ہوں۔








