وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر ٹینکرز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات، ایندھن کی ترسیل بحال

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر ٹینکرز ایسوسی ایشن سے کامیاب مذاکرات، ایندھن کی ترسیل بحال

گلگت۔ 11 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے، جن میں گلگت بلتستان کو پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور ایسوسی ایشن کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹینکرز ایسوسی ایشن کو حکومت کی جانب سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور سہولت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انتظامیہ نے بالخصوص گلگت بلتستان میں ایندھن کی ممکنہ قلت کے پیش نظر ایسوسی ایشن سے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل فوری طور پر بحال رکھنے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ 9 ستمبر کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے ساتھ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کی ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی تھی، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے اپنا احتجاج مؤخر کر دیا تھا تاہم بعد ازاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور وفاقی حکام کے ساتھ بعض معاملات پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث احتجاج دوبارہ شروع کرنے کی صورتحال پیدا ہوئی۔مذاکرات کے نتیجے میں ٹینکرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی یقین دہانیوں اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر مزید 10 روز کے لیے اپنا احتجاج مؤخر کرنے اور فوری طور پر گلگت بلتستان میں ایندھن کی ترسیل بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اس مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی ضروریات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کے حل کے لیے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر اور مسلسل رابطہ کاری یقینی بنائی جائے تاکہ معاملات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے موجودہ صورتحال میں تعاون، ذمہ داری اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایندھن کی ترسیل بحال کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام متعلقہ فریقین کے باہمی تعاون سے اس معاملے کا پائیدار حل نکالنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ افواہوں اور غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں اور معمول کے مطابق ایندھن استعمال کریں۔ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور گلگت بلتستان میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو معمول کے مطابق برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں