امن و امان ہر گھر کی ضرورت، میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ امجد حسین

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے امن، ہم آہنگی اور یکجہتی فورم کے عہدیداران جوہر راکی، طفیل احمد، اسلم ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر (ر) ہدایت علی، حاجی صفدر علی، رحمت اللہ اور ایس پی (ر) نظام الدین ودیگر نے ملاقات کی

گلگت۔ 10 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے امن، ہم آہنگی اور یکجہتی فورم کے عہدیداران جوہر راکی، طفیل احمد، اسلم ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر (ر) ہدایت علی، حاجی صفدر علی، رحمت اللہ اور ایس پی (ر) نظام الدین ودیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فورم کے عہدیداروں نے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے حکومت کو ہماری مکمل معاونت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام مذہبی انتہاپسندی اور انتشار سے تنگ آچکے ہیں، لہٰذا سوشل میڈیا کو نفرت انگیز مواد اور مذہبی منافرت پھیلانے کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے، گلگت بلتستان کے عوام اس اقدام میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔عہدیداروں نے مزید کہاکہ امن ہم سب کی ضرورت ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ آپ جیسی مدبر اور باصلاحیت شخصیت گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی، امن اور عوام کی بیداری و ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالے سے بھی ہم اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بحیثیت وزیراعلیٰ آپ جس خلوص اور محنت سے کام کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آپ گلگت بلتستان کو ہر لحاظ سے ایک مثالی خطہ بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے امن، ہم آہنگی اور یکجہتی فورم کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان گلگت بلتستان کے ہر گھر کی ضرورت ہے۔ ہماری تمام تر توجہ صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ حکومت ہر سطح پر انصاف، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائے گی۔ گلگت بلتستان ہم سب کا ہے اور اس علاقے کی ترقی اور امن و استحکام کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔