انسانی حقوق کسی طاقت، حیثیت یا مراعات کے بجائے صرف انسان ہونے کے ناطے ہر فرد کا بنیادی حق ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کسی طاقت، حیثیت یا مراعات کے بجائے صرف انسان ہونے کے ناطے ہر فرد کا بنیادی حق ہے، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ ریاست، اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔گورنر ہائوس پشاور کے تر جمان کے مطابق اپنے بیان …

پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کسی طاقت، حیثیت یا مراعات کے بجائے صرف انسان ہونے کے ناطے ہر فرد کا بنیادی حق ہے، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ ریاست، اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔گورنر ہائوس پشاور کے تر جمان کے مطابق اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ ریاست، اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ان کے بغیر جمہوریت کا وجود نامکمل رہتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور و مرکز انسانیت کی بہبود ، جمہوری اقدار کی سربلندی رہا ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسی مشن کی خاطر شہادت پائی ،بے نظیر بھٹو نے بھی شہادت کو گلے لگایا اور آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی مشن کی تکمیل میں سرگرم عمل ہیں ، یہ دن یاد دلاتا ہے کہ انسانی حقوق کو محض نعروں سے آگے بڑھا کر تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف بڑھتے ڈیجیٹل تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائبر ہراسگی کے واقعات میں اضافہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے، ایف آئی اے کو موصول ہونے والی 90 فیصد ہراسگی کی شکایات خواتین کی ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فوری اور مؤثر اصلاحات کی ضرورت ہے۔گورنر نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں محفوظ آن لائن ماحول، بہتر قوانین، حساس ادارے اور مضبوط ڈیٹا پروٹیکشن ناگزیر ہیں تاکہ خواتین اور کمزور طبقات خوف کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے صنفی تشدد، ہراسگی، اغوا، گھریلو تشدد اور غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سال سامنے آنے والے ہزاروں کیسز انصاف کے نظام میں موجود خامیوں کو ظاہر کرتے ہیں جنہیں دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر نے انسانی حقوق کے کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد قوم کا اخلاقی ضمیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد اور کمزور طبقات برابری، تحفظ اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنر ہاؤس سے خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں انسانی وقار، قانون کی حکمرانی اور برابر حقوق کے لیے اجتماعی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

 

مزید خبریں