انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ نومبر میں شروع ہوگا

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر (اے پی پی) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کوالیفائنگ 2020ء آئندہ ماہ نومبر میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ( ٹیکنیکل) محمد اعظم ڈار نے بتایاکہ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں ابھی سے شروع کر دی ہیں اور اس سلسلہ میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے بتایاکہ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے 15 ممالک نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور ٹورنامنٹ میں 15 لاکھ سے زائد کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔