ریاض۔3دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر برائے انسانی وسائل و سماجی ترقی اور بورڈ آف دی نان پرافٹ سیکٹر ( این سی این پی) احمد بن سلمان الراجہی نے ریاض میں انٹرنیشنل نان پرافٹ سیکٹر فورم کا افتتاح کیا۔فورم کا اہتما م بورڈ آف دی نان پرافٹ سیکٹر نے کیا ہے جو 3 سے 5 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا ۔فورم کے شرکا کی تعداد 2000 تک پہنچ …
انٹرنیشنل نان پرافٹ سیکٹر فورم کا ریاض میں آغاز ، دنیا بھر سے دو ہزار سے زائد ماہرین شریک

مزید خبریں
ریاض۔3دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر برائے انسانی وسائل و سماجی ترقی اور بورڈ آف دی نان پرافٹ سیکٹر ( این سی این پی) احمد بن سلمان الراجہی نے ریاض میں انٹرنیشنل نان پرافٹ سیکٹر فورم کا افتتاح کیا۔فورم کا اہتما م بورڈ آف دی نان پرافٹ سیکٹر نے کیا ہے جو 3 سے 5 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا ۔فورم کے شرکا کی تعداد 2000 تک پہنچ گئی جن میں سعودی عرب اور بیرون ممالک کے رہنما، پالیسی ساز، ماہرین، سپیشلسٹس اور دیگر سٹیک ہولڈر شامل ہیں۔ فورم سے دنیا کے 20 ممالک سے ایک سو مقررین خطاب کریں گے۔ سعودی وزیراحمد بن سلمان الراجہی نے فورم سے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں غیر منفعتی شعبہ کی نمو 370 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔2017 میں غیر منفعتی اداروں کی تعداد 1700 تھی جو 2025 میں بڑھ کر 7000تک پہنچ گئی۔
انہوں نے سعودی عرب میں نان پرافٹ سیکٹر کی طویل تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آغاز کوئی ایک سو سال قبل اس وقت ہو ا جب سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز نے1928 میں خیرات و عطیات بارے ملک کے پہلے قواعد و ضوابط جاری کئے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 اور خاص طور سے بورڈ آف دی نان پرافٹ سیکٹر کے ایک مرکزی ریگولیٹری ادارے کے طور پر قیام نے اس شعبہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی میں اہم کردا ادا کیا۔ اس ادارے نے شعبہ میں بہتر گورننس، زیادہ شفافیت، مظبوط تنظیمی اختیارزیادہ موثر بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ سعودی وزیرنے حالیہ برسوں میں اس شعبہ میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیاجن میں قومی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ خصوصی اداروں کے حصے میں 92 فیصد اضافہ خاص طورسے قابل ذکر ہے جس کے نتیجہ میں جی ڈی پی جس میں اضافے کا ہدف 2030 تک 5 فیصد مقرر کیا گیا تھا ، میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔
سعودی وزیر نے مزید کہاکہ نان پرافٹ سیکٹر میں ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئی جو 2017 میں 19000 تھی۔اس عرصہ کے دوران اس شعبہ میں ترقیاتی سرمایہ کاری 75 فیصد تک بڑھ گئی۔ رضاکارانہ خدمات کے رجحان میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ۔2025 میں رضاکاروں کی تعداد 15 لاکھ تک پہنچ گئی اور سالانہ رضاکارانہ مواقع 5 لاکھ سے تجاوز کرگئے اور ان خدمات سے مستفید ہونے والوں کی طرف سے ان کو اطمینان بخش قرار دینے والوں کی شرح بڑھ کر 89 فیصد ہو گئی۔ سعودی وزیر نے اپنے خطاب کے آخر میں نان پرافٹ سیکٹر کی بھرپور معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیااور اس عزم کا اظہار کیاکہ فورم پائیدار ترقی میں پیش رفت کی غرض سے اعلیٰ معیار کی شراکت داری کی تشکیل کے لئے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ا پنے اثر و رسوخ میں اضافہ کرے گا۔
انٹر نیشنل نان پرافٹ سیکٹر فورم کی تشکیل چار بنیادی اصولوں پر کی گئی ہے جس میں30 پینل ڈسکشنز اور 15 سے زائد ورکشاپس ہوں گی ۔ فورم نئے اقدامات کے آغاز اور معاہدوں پر دستخطوں کے لئے ایک پلیٹ فارم کا کام دے گا۔اس کے ساتھ ساتھ فورم میں سینئر حکام اور ممتاز شخصیات پروفیشنل رضاکارانہ سرگرمیوں میں شرکت کریں گی جس سے رضاکارانہ خدمات کے رجحان کو فروغ ملے گا جو شعبہ کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ہو گا۔








