سی بی نے مینز اور ویمنز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی لائیو سٹریمنگ کے حقوق ٹیپ میڈ کو دے دیے ،ترجمان

سی بی نے مینز اور ویمنز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی لائیو سٹریمنگ کے حقوق ٹیپ میڈ کو دے دیے ،ترجمان

لاہور۔7اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے مینز اور ویمنز ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی لائیو سٹریمنگ کے حقوق ٹیپ میڈ کو دے دیے ہیں، جس کے تحت شائقین پورے سیزن کے میچز ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر براہِ راست دیکھ سکیں گےجبکہ تماشا ایپ اس سلسلے میں ٹیپ میڈ کا آفیشل سنڈیکیشن پارٹنر ہوگی۔

ترجمان پی سی بی کےمطابق معاہدے کے تحت نیشنل چیمپئنز کپ، قائداعظم ٹرافی گولڈ و سلور، پریذیڈنٹس ٹرافی، قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ایونٹس کے تمام اہم میچز ٹیپ میڈ پر لائیو سٹریم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ویمنز ون ڈے، ویمنز ٹی ٹوئنٹی اور ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس بھی براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔

اس شراکت داری کے ذریعے 250 سے زائد ڈومیسٹک کرکٹ میچز ٹیپ میڈ اور تماشا ایپ کے ذریعے شائقین تک پہنچائے جائیں گے، جس سے ملک بھر میں ڈومیسٹک کرکٹ کی رسائی اور ناظرین کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔پی سی بی کے کمرشل ڈائریکٹر ڈاکٹر علی عدنان زیدی نے ٹیپ میڈ کی اس سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔

سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈومیسٹک مقابلوں کو نئی نسل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ٹیپ میڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر پاشا نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ پاکستان کی کامیابیوں کی بنیاد ہے اور کمپنی اس کھیل کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل کوریج فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق ٹیپ میڈ اور تماشا کی شراکت داری سے ڈومیسٹک کرکٹ کے ناظرین میں مزید اضافہ متوقع ہے۔