انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کی میزبانی بنگلہ دیش اور نیپال کریں گے۔ ٹورنامنٹ 21 جنوری سے 6 فروری 2027 تک جاری رہے گا جس میں 16 ٹیمیں 41 میچز میں حصہ لیں گی۔ بدھ کو ترجمان کے مطا بق ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز بنگلہ دیش کے شہروں چٹاگانگ اور سلہٹ جبکہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلے جائیں گے۔
شریک ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال شامل ہیں، گروپ بی میں جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور ساموا کو رکھا گیا ہے، گروپ سی میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نائیجیریا اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، سری لنکا، امریکا اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 21 جنوری کو چار میچز کھیلے جائیں گے۔ ترجمان کے مطا بق بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں صبح مدمقابل ہوں گی جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ نائیجیریا سے ہوگا۔ اسی روز سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ جبکہ انگلینڈ اور امریکا کی ٹیمیں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔
دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن بھارت اپنی ٹائٹل مہم کا آغاز 22 جنوری کو کھٹمنڈو میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ میزبان نیپال اسی روز آئرلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا۔ 22 جنوری کو نیوزی لینڈ اور ساموا جبکہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان بھی مقابلے ہوں گے۔گروپ مرحلے کے میچز 26 جنوری تک جاری رہیں گے، جس کے بعد کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی۔ ترجمان کے مطا بق سپر سکس مرحلے میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور دونوں گروپس کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز 4 فروری کو چٹاگانگ میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 5 فروری کو ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 فروری کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جبکہ 7 فروری کو فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سانجوگ گپتا نے کہا کہ انڈر 19 ورلڈ کپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ ان کے مطابق 16 ٹیموں کی نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور دیگر لڑکیوں کے لیے متاثر کن مثال بننے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش اور نیپال کو میزبان منتخب کرنا کرکٹ کے مستقبل میں آئی سی سی کی سرمایہ کاری اور اعتماد کا مظہر ہے، کیونکہ دونوں ممالک میں کرکٹ کے لیے گہرا شوق پایا جاتا ہے اور ان کی آبادی کا تقریبا 40 فیصد حصہ 20 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ٹورنامنٹ کے صبح کے میچز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر جبکہ دوپہر کے میچز 1 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔








