لاہور۔16جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر۔ 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ انڈر۔ 19 نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی۔پی سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ میچ تکاشنگا اسپورٹس کلب ہرارے میں کھیلا گیا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ پیر 19 جنوری کو اسی میدان میں سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی …
انڈر۔ 19 ورلڈ کپ ،انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے میچ میں37 رنز سے شکست دے دی

مزید خبریں
لاہور۔16جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر۔ 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ انڈر۔ 19 نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دے دی۔پی سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ میچ تکاشنگا اسپورٹس کلب ہرارے میں کھیلا گیا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ پیر 19 جنوری کو اسی میدان میں سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 173 رنز پر آوٹ ہوگئی ۔فرحان یوسف کی شاندار نصف سنچری بھی پاکستان انڈر۔ 19 ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی ۔ پاکستان کو ابتدا میں ہی پے در پے نقصان اٹھانا پڑا جب اسکور 28 پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں نمبر پانچ پر آنے والے دائیں ہاتھ کے بلے باز فرحان یوسف نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 26 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد حسین نے 34 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بنائے۔احمد کے آئوٹ ہونے کے بعد حذیفہ احسن اور حمزہ ظہور جلد ہی پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کا اسکور 25.4 اوورز میں 85 رنز پر چھ وکٹ ہوگیا۔ بعد ازاں کپتان فرحان یوسف نے عبدالسبحان کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 48 رنز کی اہم شراکت قائم کی جو 38ویں اوور میں عبدالسبحان کے رن آئوٹ ہونے پر ختم ہوئی۔
عبدالسبحان نے دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے فرحان یوسف نے 72 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور بالآخر 41ویں اوور میں 86 گیندوں پر 65 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ مومن قمر 28 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.5 اوورز میں 210 رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر احمد حسین نے 10 اوورز میں 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور عبدالسبحان کی گیند پر ایک شاندار کیچ بھی لیا۔ عبدالسبحان نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا اور مومن قمر نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے کیلب فالکنر نے 73 گیندوں پر 66 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔میچ کا بہترین کھلاڑی کیلب فالکنر کو قرار دیا گیا۔








