انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر وطن واپس پہنچنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر وطن واپس پہنچنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹیم کی آمد پر جشن کا سماں تھا اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اپنے ہیروز کو خوش آمدید کہنے …

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر وطن واپس پہنچنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹیم کی آمد پر جشن کا سماں تھا اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اپنے ہیروز کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا استقبال پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر اعلیٰ پی سی بی حکام نے کیا۔ اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی گئی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اتوار کے روز دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت انڈر 19 کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس پر نہ صرف کرکٹ حلقوں بلکہ عوامی سطح پر بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ایئرپورٹ پر موجود شائقین نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور کھلاڑیوں کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

استقبال کے موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے جشن کی فضا مزید خوشگوار ہو گئی۔ پی سی بی حکام نے اس موقع پر کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت ہے اور نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔