انگلش پریمیئر لیگ،آرسنل،مانچسٹر سٹی اور آسٹن ولا نے اپنے میچز جیت لئے

لندن۔15دسمبر (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے وولور ہیمپٹن کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول ہرا دیا،مانچسٹر سٹی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کرسٹل پیلس کو 0-3 گول سے شکست جبکہ آسٹن ولا نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو 2-3 گول ہرا یا۔امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری …

لندن۔15دسمبر (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے وولور ہیمپٹن کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول ہرا دیا،مانچسٹر سٹی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کرسٹل پیلس کو 0-3 گول سے شکست جبکہ آسٹن ولا نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو 2-3 گول ہرا یا۔امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ایمرٹس سٹیڈیم،لندن کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں ٹاپ ٹیبل ٹیم آرسنل اور وولور ہیمپٹن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں آرسنل کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد وولور ہیمپٹن کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔

آرسنل کی جانب سےثام جان سٹون اور یرسن موسکیورانے ایک،ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔یہ آرسنل کی ای پی ایل میں گیارہویں فتح ہے اور وہ 36 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔وولور ہیمپٹن کی جانب سے واحد گول ٹولو اروکوڈرے نے سکور کیا۔ سیلہرسٹ پارک، لندن میں ہی کھیلے گئے ایک اور میچ میں مانچسٹر سٹی اور کرسٹل پیلس کی ٹیمیں نبردآزما تھی جس میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کرسٹل پیلس کو 0-3 گول سے ہرا دیا۔ ایرلنگ ہالینڈ نے دو جبکہ پین فل فوڈن نے ایک گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس فتح کے ساتھ مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے لیگ میں گیارہویں فتح بھی سمیٹ لی ہے اور وہ 34 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔لندن سٹیڈیم،لندن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹن ولا اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیمیں نبردا ٓزما تھیں جس میں سخت مقابلے کے بعد ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو 2-3 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آسٹن ولا کی طرف سے مورگن راجرزنے 2 جبکہ کونسٹنٹینوس ماورپانوس نے 1 گول سکور کیا۔

ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی طرف سے میٹیس فرنینڈس اور جیروڈ بوون نے ایک،ایک گول سکور کیا۔آسٹن ولاکی لیگ میں یہ دسویں فتح ہے۔ واضح رہے کہ آرسنل کی ٹیم سب سے زیادہ 36 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔مانچسٹر سٹی کی ٹیم 34 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹن ولا کی ٹیم 33 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔