انگلینڈویمن نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 56رنز سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

ODI match
ODI match

ہملٹن۔4اپریل (اے پی پی):انگلینڈویمن نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 56رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔برطانوی خواتین ٹیم کی ٹامی بیومونٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔

ٹامی بیومونٹ نے نیوزی لینڈ کی بائولرز کی خوب دھلائی کرتے ہوئے 96 گیندو ں پر 81 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم 253 رنز ہدف کے تعاقب میں 45ویں اوورز میں 196رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ جمعرات کو سڈن پارک، ہملٹن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان برطانوی خواتین ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49ویں اوور میں 252رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 253 رنز کا ہدف دیا۔ ٹامی بیومونٹ نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،ایمی جونز 48 ، کپتان ہیتھر نائٹ 37 اور کیٹ کروس اور مایا بائوچیر 20،20 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں ۔ نیوزی لینڈ کی جیس کیر،فران جونز ،بیٹس اور لیا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم مطلوبہ 253 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 45ویں اوورز میں 196رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔نیوزی لینڈ کی بروک ہالیڈے 57 ،ازابیلا گیزاور سوزی بیٹس 28 رنز بناسکی۔یوں انگلینڈویمن نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 56رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

برطانوی خواتین ٹیم کی طرف سے نیٹ سکیور برنٹ نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،شارلٹ ڈین،کیٹ کروس، سوفی ایکلسٹن اور چارلی ڈین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ برطانوی خواتین ٹیم کی ٹامی بیومونٹ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔