اوپن پولو چیمپئن شپ پیٹرنز کپ ، ڈائمنڈ پینٹس، ٹیم بلوچستان اور نیوایج کیبلز نے میچز جیت لیے

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):لاہور پولو کلب کے زیراہتمام 14ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2025 پیٹرنز کپ کے پانچویں دن تین اہم میچز کھیلے گئے جن میں ڈائمنڈ پینٹس، ٹیم بلوچستان اور نیوایج کیبلز /ایس کیو سی گولڈ کی ٹیمیں فاتح رہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ کے میچز دیکھنے کیلئے کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، پولو ممبرز، …

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):لاہور پولو کلب کے زیراہتمام 14ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2025 پیٹرنز کپ کے پانچویں دن تین اہم میچز کھیلے گئے جن میں ڈائمنڈ پینٹس، ٹیم بلوچستان اور نیوایج کیبلز /ایس کیو سی گولڈ کی ٹیمیں فاتح رہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ کے میچز دیکھنے کیلئے کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، پولو ممبرز، سپانسرز پیٹرنز کی طرف سے نیوایج کیبلز کے ڈائریکٹر عدنان جلیل اعظم، اے اویس کے حمزہ علی حکیم، ریمنگٹن فارما کے ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر،ماسٹر پینٹس کے فاروق امین صوفی، سیکرٹری کلب میجر امجد غفور (ر)،تماشائیوں اور فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پہلے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے دلچسپ مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیم کو 7-6سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر حذیفہ احمد نے تین، راجہ جلال ارسلان نے دو جبکہ راجہ تیمور ندیم اور میر شعیب احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے اگناسیو جاویر نے چار، محمد علی ملک اور صوفی ہارون نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں ٹیم بلوچستان نے ریجاس /شیخو کی ٹیم کو 6-3 سے ہرا دیا۔ ٹیم بلوچستان کی طرف سے مارکوس ریواولا نے پانچ اور کرنل شایان عباسی نے ایک گول سکور کیا۔

ریجاس /شیخو کی طرف سے عثمان عزیز انور، محب فیصل شہزاد اور ممتاز عباس نیازی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ تیسرے میچ میں نیوایج کیبلز /ایس کیو سی گولڈ نے ماسٹر پینٹس کی ٹیم کو 9-5 سے ہرا دیا۔ نیوایج کیبلز /ایس کیو سی گولڈ کی طرف سے عامر رضا بہبودی نے چھ، عدنان جلیل اعظم، تیمور نون اور بلال حئی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے دو، عبدالرحمان منوں، کرنل عمر منہاس (ر) اور فاروق امین صوفی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ٹورنامنٹ میں پیر کو آرام کا دن ہے جبکہ اگلے میچز منگل کو کھیلے جائیں گے۔