اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہفتہ وار سیرت لیکچر سیریز کے دوسرے سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات اور یونیورسٹی ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ یہ سیشن بالخصوص اخلاقِ حسنہ اور سیرتِ طیبہؐ کے معاشرتی پہلوؤں پر مرکوز تھا جس میں اخلاقی اقدار کو موجودہ دور کے تناظر میں اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے کلیدی مقرر معروف اسکالر ڈاکٹر حافظ طاہر السلام …
اوپن یونیورسٹی میں ہفتہ وار سیرت لیکچر سیریز کا دوسرا سیشن

مزید خبریں
اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہفتہ وار سیرت لیکچر سیریز کے دوسرے سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات اور یونیورسٹی ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ یہ سیشن بالخصوص اخلاقِ حسنہ اور سیرتِ طیبہؐ کے معاشرتی پہلوؤں پر مرکوز تھا جس میں اخلاقی اقدار کو موجودہ دور کے تناظر میں اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے کلیدی مقرر معروف اسکالر ڈاکٹر حافظ طاہر السلام تھے۔ انہوں نے ”سیرتِ طیبہؐ اور مثالی معاشرتی کردار” کے موضوع پر تفصیلی اور فکر انگیز لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اخلاق کی روشن مینار ہے جس کی روشنی میں انسان اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سنوار سکتا ہے۔
ڈاکٹر طاہر السلام نے کہا کہ آپ ﷺ نے مخالفین کے ساتھ بھی اعلیٰ ظرفی اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کیا، مظلوموں کی داد رسی کی، کمزوروں کو سہارا دیا اور معاشرے میں عدل و مساوات کی ایسی مثالیں قائم کیں جو رہتی دنیا تک مشعلِ راہ رہیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں جہاں معاشرتی انتشار، عدم برداشت اور اخلاقی زوال جیسے مسائل درپیش ہیں وہاں سیرتِ طیبہؐ سے رہنمائی لینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ہفتہ وار سیرت سیشنز کا انعقاد یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور کلیہ عربی و علومِ اسلامیہ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے جہاں علمی و فکری ماحول میں سیرتِ نبویؐ کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ سید غلام کاظم علی نے لائبریری کا چارج سنبھالنے کے بعد لائبریری کے علمی و فکری کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ان کی قیادت میں لائبریری کو نہ صرف تحقیق و مطالعہ کا فعال مرکز بنایا جا رہا ہے بلکہ یہاں علمی و فکری سرگرمیوں کے انعقاد کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہفتہ وار سیرت لیکچر سیریز اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔








