اوگرا کا پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے آئل انڈسٹری کے لیے تربیتی سیشن کا انعقاد،بڑی تعداد میں نمائندگان نے شرکت کی

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی)کے اشتراک سے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر آئل انڈسٹری کے لیے ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جو ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے نفاذ کی جانب اہم قدم ہے۔ ترجمان کے مطابق یہاں اوگرا ہیڈ آفس میں منعقدہ سیشن میں 200 سے زائد نمائندگان کی …

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی)کے اشتراک سے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر آئل انڈسٹری کے لیے ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا جو ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے نفاذ کی جانب اہم قدم ہے۔ ترجمان کے مطابق یہاں اوگرا ہیڈ آفس میں منعقدہ سیشن میں 200 سے زائد نمائندگان کی شرکت کے ساتھ ساتھ ایک بڑی تعداد نے آن لائن بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر اوگرا اور پی آئی ٹی بی کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ تربیت کا مقصد اوگرا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے مؤثر استعمال سے متعلق آگاہی دینا تھا جو ملک کے آئل سپلائی چین کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔

اس نظام میں درآمد و برآمد، پیداوار و سٹاک رپورٹنگ، سیلز اور ترسیل کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ریفائنریز سے ریٹیل آؤٹ لیٹس تک حقیقی وقت میں ڈیٹا انضمام شامل ہے۔ چیئرمین اوگرا شہزاد اقبال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام شفافیت، کارکردگی اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی میں کلیدی کردار جبکہ ریگولیٹری نظام اور سروس ڈیلیوری کو بھی بہتر بنائے گا۔ پی آئی ٹی بی کے ماہرین نے مختلف ماڈیولز پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ شرکا کو سوالات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا جن کے جوابات اوگرا اور پی آئی ٹی بی کی ٹیموں نے دیے۔ اوگرا نے آئل سیکٹر میں ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مؤثر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔