او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کااسلامی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں افطار استقبالیہ

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):پاکستان میں تعینات اسلامی ممالک ، مبصرین اور دیگر دوست ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے گزشتہ روز یہاں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ استقبالیے میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں اور ان کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جو او آئی سی کے رکن ممالک اور …

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):پاکستان میں تعینات اسلامی ممالک ، مبصرین اور دیگر دوست ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے گزشتہ روز یہاں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

استقبالیے میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں اور ان کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جو او آئی سی کے رکن ممالک اور دوست ملکوں کے درمیان تعاون، یکجہتی اور باہمی احترام کے مضبوط جذبے کا واضح اظہار تھا۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل نے مہمانوں کو کامسٹیک کی جاری سرگرمیوں، اہم منصوبوں، اسٹریٹجک اقدامات اور فلیگ شپ پروگرامز کے بارے میں آگاہ کیا جن کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

غیر ملکی سفیروں نے رکن ممالک کے مابین سائنسی تعاون کے فروغ اور اعلیٰ تعلیمی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کےلئے کامسٹیک کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ سفرا اور ہائی کمشنرز نے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے کامسٹیک کے کردار کو او آئی سی ممالک کے درمیان سائنسی تعاون اور اعلیٰ تعلیمی شراکت داری کے فروغ میں نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کامسٹیک کی کاوشوں کو پائیدار ترقی، علمی تبادلے اور مشترکہ تحقیق کے فروغ کےلئے موثر قرار دیا۔ استقبالیے میں ترکیہ، شام، یمن اور دیگر اسلامی ملکوں کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔