او آئی سی ہمیشہ کشمیر کاز کی مضبوط حامی رہی ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالہ سے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں،ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد ۔ 6 فروری(اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ہمیشہ کشمیر کاز کی مضبوط حامی رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالہ سے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں، امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات میں پیشرفت کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں، طالبان …

اسلام آباد ۔ 6 فروری(اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) ہمیشہ کشمیر کاز کی مضبوط حامی رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالہ سے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں، امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات میں پیشرفت کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں، طالبان کی جانب سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار اور تشدد میں کمی کا مطالبہ اچھی پیشرفت ہے۔ جمعرات کوہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ او آئی سی کشمیر کاز کی مضبوط حامی رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سمیت کشمیر تنازعہ کے حوالے سے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال ستمبر میں یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ کا وزارتی سطح کا اجلاس منعقد ہوا اور ایک رپورٹ جاری کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ امریکہ طالبان مذاکرات سے متعلق ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن مذاکرات میں پیشرفت کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ طالبان نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی اور تشدد میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان خطہ میں پائیدار امن کیلئے اسے ناگزیر سمجھتا ہے۔ امن مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں انٹرا افغان ڈائیلاگ کیلئے راستہ ہموار ہو گا۔ ترجمان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کابل میں مقامی ہوٹل کی جانب سے تقریب کی اجازت نہ دینے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کے سامنے احتجاجی مظاہروں سے بخوبی آگاہ ہیں اور یہ معاملہ افغان حکومت سے اٹھایا اور تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستانی عوام حق خود ارادیت کیلئے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان تقریبات میں مقامی پارلیمنٹیرینز، سکالرز، عوامی رہنماﺅں، سول سوسائٹی کے ارکان، مختلف ملکوں کے سفارتکار اور پاکستان و کشمیری کمیونٹی کے ارکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے ترجمان نے کہا کہ ترک صدر شیڈول کے مطابق اگلے ہفتہ پاکستان آئیں گے۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان خوشگوار اور گرمجوش تعلقات قائم ہیں اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔ کرونا وائرس سے متعلق ترجمان نے کہا کہ اب تک چین میں چار پاکستانی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور ان صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ چین کی حکومت انتہائی متحرک اور اپنے ملک میں تمام غیر ملکیوں کو ہر قسم کی امداد فراہم کر رہی ہے۔