ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کی زیرِ صدارت میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی
اٹک ،ڈی پی او اٹک کی زیرِ صدارت میٹنگ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
اٹک۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کی زیرِ صدارت میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ضلع اٹک میں امن و امان اور جرائم کی مجموعی صورتحال، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او اٹک نے افسران کو ہدایت کی کہ سنگین نوعیت کے مقدمات کی تفتیش کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت، شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔
انہوں نے منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت و نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق نے واضح کیا کہ جرائم کی روک تھام، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پولیس افسران شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق کارروائیاں یقینی بنائیں








