وزیر اعظم کا ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کی دلچسپی کا خیرمقدم، دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی اور بی ٹو بی مشترکہ تعاون کیلئے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے، شہباز شریف

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی اور بی ٹو بی مشترکہ تعاون کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم محمد …

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جی ٹو جی اور بی ٹو بی مشترکہ تعاون کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی جانب سے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی سٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کے پاکستان کے سابقہ دوروں کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا موجودہ دورہ گزشتہ بات چیت کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار کرے گا۔شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) ہو یا کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی ) کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے میں سعودی حکومت اور سعودی کاروباری برادری کی مسلسل دلچسپی کا اعادہ کیا۔ سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران متعدد اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم سٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، جنید انوار چوہدری، علی پرویز ملک، سردار اویس احمد خان لغاری محمد حنیف عباسی، وزیراعظم کے مشیران محمد علی، ہارون اختر خان، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں