اپوزیشن اپنی شکست کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے،اتحادی حکومت میں تحفظات آتے ہیں جو حل کر لئے جاتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی شکست کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پی ٹی آئی نے 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پورا قانونی راستہ اختیار کیا، پوری دنیا نے کہا کہ پاکستان میں فیئر الیکشن ہوئے ہیں، الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہوتی تو عوام سڑکوں پر ہوتے، قوم نے بھی دیکھ لیا کہ کون …

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی شکست کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پی ٹی آئی نے 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پورا قانونی راستہ اختیار کیا، پوری دنیا نے کہا کہ پاکستان میں فیئر الیکشن ہوئے ہیں، الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہوتی تو عوام سڑکوں پر ہوتے، قوم نے بھی دیکھ لیا کہ کون سڑکوں پر کس وجہ سے آیا، اتحادی حکومت میں تحفظات آتے ہیں جو حل کر لئے جاتے ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنی کرپشن بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن جماعتوں کی ذاتی مفاد پر مبنی تحریک کو مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن اپنی شکست کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں دھاندلی کے باوجود میں جیت گیا، معلوم نہیں رانا ثناء اللہ دھاندلی کے باوجود کیسے جیت گئے، اپوزیشن بتائے 2 سال بعد انہیں کیسے دھاندلی کا خیال آیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پورا قانونی راستہ اختیار کیا، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن، عدالت اور پارلیمنٹ میں اپنا کیس لڑا، 2013ء میں جن 4 حلقوں کو کھولنے کا کہا وہاں دھاندلی ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جہاں الیکشن جیت جائے وہاں دھاندلی نہیں ہوئی اور جہاں ہار جاتی ہے وہاں کہا جاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، یہ کیسی دھاندلی تھی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی کی 30 نشستوں میں کم مارجن سے ہارے، پوری دنیا نے کہا کہ پاکستان میں فیئر الیکشن ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک ایسی جماعت کی حکومت ہے جو پی ڈی ایم کا حصہ ہے تو وہاں الیکشن فیئر ہوئے ہیں، اسی طرح دوسرے صوبوں میں ان کی حکومت نہیں ہے تو وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہوتی تو عوام سڑکوں پر ہوتے، قوم نے بھی دیکھ لیا کہ کون سڑکوں پر کس وجہ سے آیا، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنی کرپشن بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہیں، اپوزیشن کی جماعتوں کے اندر دراڑیں پیدا ہو چکی ہیں، یہ لوگ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت میں تحفظات آتے ہیں جو حل کر لئے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں اتحادی جماعتوں کے مطالبات آتے رہتے ہیں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ اچھا چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہشات کچھ بھی ہو سکتی ہیں، حکومت کو ہٹانے کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے، اپوزیشن طریقہ کار پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو شاید معلوم نہیں کہ قومی اداروں کے خلاف دیئے گئے ان کے بیانات ریکارڈ کا حصہ بن چکے ہیں، کیا اپوزیشن نے فوج سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ موجودہ حکومت گرا دیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی اداروں کا دفاع کرنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہوتی ہے، اگر پاکستان کی افواج اور دیگر قومی اداروں کے دفاع میں وزیراعظم عمران خان بات نہیں کریں گے تو کیا پاکستان کے دشمن ممالک پاکستان کے اداروں کے حق میں بات کریں گے۔