اپوزیشن جماعتیں سیاسی یتیم ہیں،وہ این آر او لینے کیلئے قومی اداروں پر تنقید کر رہی ہیں جو موجودہ حکومت کے دور میں ممکن نہیں،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت سزا یافتہ اور مفرور نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے موثر انداز سے مختلف سفارتی تعلقات استعمال کر رہی ہے تاکہ وہ عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کر سکیں، نواز شریف نے طبی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عدالت سے ریلیف لینے کیلئے اپنی صحت کا ڈرامہ رچایا، یہ بدقسمتی کی …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت سزا یافتہ اور مفرور نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے موثر انداز سے مختلف سفارتی تعلقات استعمال کر رہی ہے تاکہ وہ عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کر سکیں، نواز شریف نے طبی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عدالت سے ریلیف لینے کیلئے اپنی صحت کا ڈرامہ رچایا، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ لیگی قائد نے اپنی صحت کے حوالے سے قوم کو دھوکہ دیا اور فراڈ کیا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اب ہشاش بشاش ہیں، انہوں نے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے دشمن کا بیانیہ اختیار کر لیا ہے اور قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی یتیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ این آر او لینے کیلئے قومی اداروں پر وار کر رہی ہیں جو کہ موجودہ حکومت کے دور میں ممکن نہیں ہے، عوام لوٹی ہوئی قومی دولت بازیاب ہونے تک بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا عمل جاری رکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پیچھے اپوزیشن جماعتوں کا اصل مقصد کرپشن کیسز میں ریلیف لینا ہے تاہم حکومت کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف جلد ہی کریک ڈاﺅن شروع کیا جائے گا، اس کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو کرنے اور قیمتیں چیک کرنے کیلئے پہلے ہی طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے۔ کشمیر یوم سیاہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔