ایئر یونیورسٹی ایچ الیون کیمپس اسلام آباد کے 80 طلبہ و طالبات کا فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کا مطالعاتی دورہ

ایئر یونیورسٹی ایچ الیون کیمپس اسلام آباد کے 80 طلبہ و طالبات نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد کو پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے خوش آمدید کہا۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ایئر یونیورسٹی ایچ الیون کیمپس اسلام آباد کے 80 طلبہ و طالبات نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔وفد کو پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے خوش آمدید کہا۔ دورے کے دوران طلبہ وطالبات کو سینیٹ میوزیم کا تفصیلی دورہ کرایا گیا جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، جمہوری ارتقاء اور ایوان بالا کے تاریخی و آئینی کردار کے بارے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے سینیٹ میوزیم میں موجود تاریخی دستاویزات اور تصاویر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیا جہاں انہیں سینیٹ کے کام کے طریقہ کار، قانون سازی کے مختلف مراحل، قائمہ کمیٹیوں کے کردار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایوان بالا کی کاوشوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کا اہم آئینی ادارہ ہے جو قومی پالیسی سازی اور جمہوری استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

دورے کے اختتام پر طلبہ وطالبات نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوانوں میں جمہوری اقدار، پارلیمانی شعور اور قومی اداروں کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔