ایبٹ آباد ،گرمیوں کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائیاں، متعدد سیل

خیبر پختونخوا حکومت کے گرمیوں کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے

ایبٹ آباد۔ 2 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت کے گرمیوں کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کامران علی شاہ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر افشین رحمان نے مختلف نجی تعلیمی اداروں کا اچانک معائنہ کیا جس دوران گرمیوں کی تعطیلات کے سرکاری نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد کو سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ عوامی مفاد، طلبہ کی صحت اور حکومتی احکامات پر موثر عمل درآمد کےلئے اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے گی۔