ایران اور امریکا تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں،قطر

دوحہ ۔11مارچ (اے پی پی):قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امورمحمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے مشرق وسطیٰ میں جنگ میں کمی لانے پر زور دیتے ہوئے ایران اور امریکا سے کہا ہے کہ وہ ثالثی کے ذریعے تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔الجزیرہ کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک پر حملے کسی کے لیے فائدہ مند نہیں …

دوحہ ۔11مارچ (اے پی پی):قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امورمحمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے مشرق وسطیٰ میں جنگ میں کمی لانے پر زور دیتے ہوئے ایران اور امریکا سے کہا ہے کہ وہ ثالثی کے ذریعے تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔الجزیرہ کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک پر حملے کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ،اس نے امریکا اور اسرائیل کی تقریباً دو ہفتوں سے جاری بمباری کے جواب میں خلیجی علاقے اور اس سے باہر پڑوسیوں پر میزائلز اور ڈرونز فائر کر کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا اور خطے کی توانائی سے چلنے والی معیشت کو متاثر کیا۔قطری وزیر نے کہا کہ ان کا ملک انفراسٹرکچر سمیت وسیع پیمانے پر حملوں پر انتہائی فکر مند ہے،یہ بدقسمتی ہے کہ ہم ایسی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ مذاکرات کی میز پر واپس آنے کے علاوہ ایک پائیدار اور دیرپا حل کا کوئی راستہ نہیں ، ہم اپنی خود مختاری کو براہ راست متاثر کرنے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں،اس جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اور قانونی اقدام اٹھاتے رہیں گے ۔ قطری وزیر نے کہا کہ اسرائیل ،امریکا اور ایران کی جنگ عالمی حل کی متقاضی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ خلیجی توانائی کی آبنائے ہرمز سے ترسیل جاری رہے جہاں جنگ کی وجہ سے تیل کی عالمی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے۔ انہوں کہا کہ قطر اور عمان پہلے علاقائی ثالث کے طور پر کام کر کے ایران اور مغرب کے درمیان پل بنانے کی کوشش کر چکے لیکن موجود ہ صورتحال میں جبکہ حملے جاری ہیں کوئی بھی ملک یہ کردار ادا نہیں کر سکتا اور ایرانی حکام کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحٰمن الثانی نے کئی روز قبل ایرانی حکام کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران اس صورتحال پر گفتگو کی اور اس پر زور دیا کہ وہ ہمسایہ ممالک پر حملے بند کرے۔قطری وزیر نے کہاکہ علاقائی ممالک ایران کے دشمن نہیں ، ایرانی حکام یہ بات نہیں سمجھ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قطرامریکاکے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جنگ بند کرنے کی اپیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کے ساتھ ہماری بات چیت کا سلسلہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے، ہم امن کے راستے کے حامی اور پرامن ذرائع سے تنازعات کو حل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ فریقین اس راستے کو تلاش کر کے فوجی آپریشن ختم اور مذاکرات کی میز پر واپس آ سکتے ہیں۔