ایران اور پاکستان کے درمیان میڈیا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ایرانی سفیر

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایران و پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔دورے کے دوران انہوں نے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سے ملاقات کی جس میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی …

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایران و پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔دورے کے دوران انہوں نے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سے ملاقات کی جس میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سفیر نے پاکستانی عوام کی ایران کے لیے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران مشکل وقت میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی گھڑیوں میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔سفیر رضا امیری نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فوجی مشقوں، تجارت اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں اشتراک کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم 3.3 ارب ڈالر ہے جسے سالانہ 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ارادہ ہے ۔انہوں نے میڈیا تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی نیوز ایجنسی (ایرنا ) اور اے پی پی کے درمیان براہِ راست خبروں کا تباد لہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے غلط معلومات کے تدارک اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایرانی سفیر نے علاقائی روابط بہتر بنانے کے لیے ایران کی کوششوں کا ذکر کیا جن میں نئے سرحدی راستے کھولنے اور اسلام آباد سے تہران کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز بھی شامل ہے ۔ انہوں نے پاکستانی صدر کو جلد ایران کے دورے کی دعوت دی۔اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے بالخصوص فلسطین کے مسئلے پر ایران کی پاکستان کےلئے حمایت کو سراہا۔ انہوں نے تجارت، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مقدس مقامات اور زیارات کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

ملاقات میں اے پی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹرسبین عثمان خٹک، ڈائریکٹر مارکیٹنگ علی رضا علوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈپلومیٹک اینڈ گلوبل افیئرز مدثر اقبال جبکہ ایرانی سفارتخانے کے کمیونیکیشن عہدیداران ہادی گلریز اور حبیب بھی موجود تھے۔

مزید خبریں