وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے متفقہ فیصلے کو پاکستان کے مقف کی اہم قانونی و سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے پاکستان کے دیرینہ آبی حقوق اور مفادات کے تحفظ کو تقویت ملی ہے۔
سندھ طاس معاہدے پر عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے موقف کی اہم قانونی و سفارتی کامیابی ہے، وزیراعلی بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے متفقہ فیصلے کو پاکستان کے مقف کی اہم قانونی و سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے سے پاکستان کے دیرینہ آبی حقوق اور مفادات کے تحفظ کو تقویت ملی ہے۔
وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ اپنے بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت نے واضح کردیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کرسکتا، جبکہ معاہدہ بدستور نافذ العمل اور بھارت کے لیے قانونی طور پر پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں ترمیم یا اس کا خاتمہ صرف پاکستان اور بھارت کی باہمی رضامندی سے نئے معاہدے کے ذریعے ممکن ہے۔ بھارت کی جانب سے معاہدے کی معطلی یا خاتمے کے لیے پیش کیے گئے مختلف جوازوں کو بھی عالمی ثالثی عدالت نے تسلیم نہیں کیا۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق فیصلہ پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے اور اس سے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور عالمی قانون کی بالادستی کے اصول مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان نے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر عبوری اقدامات کی منظوری بھی اہم پیش رفت ہے۔ بھارت کو رتلے منصوبے میں مخصوص حصوں پر مقررہ سطح سے زیادہ کنکریٹنگ سے روکا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے تعمیراتی شیڈول میں تبدیلیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنا بھی بھارت پر لازم قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، معاہدوں اور مذاکراتی عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عالمی ثالثی عدالت کا متفقہ فیصلہ اس اصول کی فتح ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کیا جاسکتا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انصاف غالب آ گیا، عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے قانونی مقف کی مضبوطی کا مظہر ہے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور سفارتی فورم پر موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔







