ایران کےخلاف فوجی کارروائی میں شرکت پر راضی نہیں، اسرائیلی میڈیا رپورٹس غلط ہیں، قطر

قطر نے اسرائیلی میڈیا کی جانب سے شائع کی جانے والی ان بے بنیاد رپورٹس کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شرکت کی منظوری دے دی ہے۔

دوحہ۔17جولائی (اے پی پی):قطر نے اسرائیلی میڈیا کی جانب سے شائع کی جانے والی ان بے بنیاد رپورٹس کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شرکت کی منظوری دے دی ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے گزشتہ روز بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ان دعوؤں کی تشہیر ایسے افراد کی طرف سے کی جا رہی ہے جو قطر کو جنگ میں گھسیٹنے، ثالثی میں اس کے کلیدی کردار کو نقصان پہنچانے اور خطے کو مزید کشیدگی اور افراتفری کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ قطری حکام نے تنازع کے آغاز سے ہی بارہا واضح کیا ہے کہ قطر نے نہ تو کبھی کسی پڑوسی ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لیا ہے اور نہ ہی کبھی لے گا۔ اسی فریم ورک میں قطر نے واضح کیا کہ وہ ایسے گمراہ کن دعوؤں کو تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی مسلسل سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ وہ تمام متعلقہ فریقوں کے خدشات کو دور کرنے والے ایک جامع اور پائیدار معاہدے تک پہنچنے کے لیے اپنے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

خطے میں تنازع کے آغاز کے بعد سےقطر نے علاقائی اور عالمی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے استحکام حاصل کرنے اور مکالمے، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کے راستے پر گامزن رہنے کے لیے خلیجی ممالک اور تنازع کے فریقین کے ساتھ اپنے مشترکہ تعاون کو مضبوط کیا ہے۔ قطر نے حال ہی میں نئے امریکی اور ایرانی حملوں کے بعد کشیدگی کو کم کرنے اور وسیع مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے لیے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہاز رانی سے متعلق اختلافات کو دور کرنے کی کوشش میں ایرانی حکام سے ملاقات کے لیے قطری مذاکرات کاروں کو تہران بھیجا ہے۔ یہ سب اسرائیلی دعوؤں کے بالکل برعکس ہے۔