ایران کے خلاف حملوں کی تازہ لہر مکمل ہو گئی، سینٹکام، جوابی کارروائی میں قطر ، بحرین اور کویت میں حملوں کی اطلاعات

امریکی مسلح افواج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف اس کے تازہ حملوں کی لہر مکمل ہو گئی ہے۔

واشنگٹن۔17جولائی (اے پی پی):امریکی مسلح افواج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف اس کے تازہ حملوں کی لہر مکمل ہو گئی ہے۔

بی بی سی کے مطابق سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف اپنی تازہ بڑی کارروائی مکمل کر لی ہے۔ اس کارروائی کے دوران ان کے لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور جنگی جہازوں نے درجنوں ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی تنصیبات، ساحلی نگرانی کے مراکز، فوجی رسد کا نظام اور بحری صلاحیتیں شامل تھیں۔ قطر کی وزارت دفاع کے مطابق قطر پر فضائی حملے جاری ہیں اور ملک کی مسلح افواج اس وقت ان حملوں کو روک رہی ہیں۔کویت کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ان کی افواج ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔کویت نے اس سے قبل کہا تھا کہ اس نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کی نشاندہی کر لی ہے جبکہ تباہ کیے گئے میزائلوں کے ملبے سے کچھ نقصان بھی پہنچا ہے تاہم اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے اعلان کے بعد بحرین میں خطرے کے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔قبل ازیں ایرانی فوج نے بحرین کے صخر ایئر بیس پر امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو نشانہ بنایا ۔ ایرانی فوج نے اپنے بیان میں بحرین میں امریکی اڈے کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ۔ایرانی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ شہری انفرا سٹرکچر اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر مبنی جارحیت کے جواب میں بحرین کے سخیر ایئربیس پر موجود امریکی فوج کے ہیلی کاپٹروں اور نگرانی کرنے والے طیاروں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔اس بیان سے چند گھنٹے قبل بحرین میں فضائی حملوں کے خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں اور شہریوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔دوسری طرف ایران میں رات بھر مختلف علاقوں میں امریکا کی جانب سے کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ہرمزگان کے گورنر کے دفتر نے اعلان کیا کہ صوبے میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے امریکی حملوں میں2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔

بندر عباس سے خمیر تک کی سڑک کو مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا ہے اور کیشر سے کوہورستان جانے والی سڑک کو بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔ہرمزگان کے گورنر کا کہنا ہے کہ بندر عباس ریلوے جنکشن سٹیشن پر بھی رات گئے حملہ کیا گیا۔ایران کے سرکاری ادارے کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورت حال پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایران کے شہر بوشہر میں متعدد دھماکوں کی اطلاع دی گئی ہے۔ یہ دھماکے شہر کے اندر ہوئے۔بوشہر کے نائب سیاسی اور سیکورٹی گورنر احسان جہانیاں نے کہا کہ صوبے پر حملوں کی نئی لہر میں دشتی کاؤنٹی کے ایک مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ متعدد میزائلوں نے بوشہر ایئر بیس اور نیول بیس کو نشانہ بنایا۔

لرستان کے نائب گورنر کے مطابق امریکانے صوبے پر فضائی حملہ کیا ہے۔ سرکاری اہلکار کے مطابق، چیگنی کاؤنٹی کے وزیان ضلع کے ایک مقام پر حملہ کیا گیا ہے۔ ایران شہر کے ہوائی اڈے پر حملے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ اس حملے کے بعد ایران شہر کے ہوائی اڈے کی بجلی کی تنصیبات اور ایندھن کے ٹینکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ امریکی حملوں میں بندر لنگہ کے قریب اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ بندر خمیر میں پلوں پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ حملے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے اور زخمیوں کو اس وقت ریسکیو فورسز اور طبی عملے کی جانب سے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔