ایزی پیسہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیجیٹلائزیشن آف پیمنٹس کا آغاز کر دیا

پاکستان کے معروف ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے تعاون سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صارفین کی ادائیگیوں کے ٹچ پوائنٹس کو ڈیجیٹائز کردیا ہے

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان کے معروف ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے تعاون سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صارفین کی ادائیگیوں کے ٹچ پوائنٹس کو ڈیجیٹائز کردیا ہے۔ یہ اقدام ایئرپورٹ کو کیش لیس اور مستقبل سے ہم آہنگ سفری نظام میں منتقلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید تھے۔ تقریب میں ایزی پیسہ کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن اور چیف بزنس آفیسر شہزاد خان سمیت ایزی پیسہ کی قیادت نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور اسلام آباد ایئرپورٹ مینجمنٹ کے دیگر حکام اور سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔ڈیجیٹائزیشن مہم کے تحت ایزی پیسہ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اہم صارف ٹچ پوائنٹس پر کیو آر کوڈز نصب کیے ہیں جس کے ذریعے ایئرپورٹ کے سالانہ لاکھوں مسافروں کو کیو آر اور ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ ادائیگیاں کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

ایزی پیسہ اور پی اے اے کی مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے کہا کہ یہ حوصلہ افزاء بات ہے کہ نجی شعبہ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے اور قومی ایجنڈے کے مطابق کیش لیس نظام کو فروغ دینے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جو ملک کے دارالحکومت کا گیٹ وے ہے، کی ڈیجیٹلائزیشن مالی شمولیت کے فروغ اور ڈیجیٹل فرسٹ ایکو سسٹم کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ قدم صرف ڈیجیٹل ادائیگی کے حل کا آغاز نہیں بلکہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کا دروازہ بھی ہے۔ ایزی پیسہ کے چیف بزنس آفیسر شہزاد خان نے ایزی پیسہ اور پی اے اے کے درمیان شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل طور پر بااختیار ایئرپورٹ ایکوسسٹم کی تشکیل میں یہ تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔ اہم صارف ٹچ پوائنٹس پر کیوآر کی سہولت فراہم کرنا وزیراعظم کے کیش لیس معیشت کے ایجنڈے کو فروغ دینے کی جانب فیصلہ کن قدم ہے جو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالیاتی شمولیت کے وژن کے مطابق ہے۔

ایزی پیسہ میں ہم ہر پاکستانی کو آسان، محفوظ اور بلاتعطل مالیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، چاہے وہ سفر میں ہی کیوں نہ ہوں۔ ایزی پیسہ حکومت پاکستان اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر حکومت کے کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت کیو آر پر مبنی ادائیگیوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے آن بورڈنگ کو آسان بنایا جا رہا ہے، آگاہی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور کاروباروں کے لیے ویلیو پروپوزیشن کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔60 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین اور ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک کے طور کمرشل آپریشنز کا آغاز کرنے والی کمپنی کے طور پر ایزی پیسہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالیاتی شمولیت اور جامع معاشی ترقی کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ کمپنی اپنی مالیاتی مصنوعات اور خدمات کے دائرہ کار کو مسلسل وسعت دے رہی ہے تاکہ نہ صرف موجودہ صارفین بلکہ ان لاکھوں افراد تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے جو ابھی تک بینکنگ نظام سے باہر یا محدود بینکنگ سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

 

مزید خبریں