ایس سی او، ملک میں مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کیلئے سرگرم عمل

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):سپیشل کمیونیکیشن آ رگنائزیشن (ایس سی او) ملک کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے، بالخصوص آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دشوار گزار علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور مستحکم نیٹ ورک کی فراہمی سے مقامی آبادی کو نمایاں سہولت میسر آئی ہے۔ایس سی او کی حالیہ کاوشوں کے نتیجے میں وادی اشکومن کے علاقے ہاسِس …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):سپیشل کمیونیکیشن آ رگنائزیشن (ایس سی او) ملک کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے، بالخصوص آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دشوار گزار علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور مستحکم نیٹ ورک کی فراہمی سے مقامی آبادی کو نمایاں سہولت میسر آئی ہے۔ایس سی او کی حالیہ کاوشوں کے نتیجے میں وادی اشکومن کے علاقے ہاسِس میں 4G سروس کی فراہمی نے مقامی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

جدید انٹرنیٹ سروس کی دستیابی سے نہ صرف طلبہ کو آن لائن تعلیم تک رسائی حاصل ہوئی بلکہ فری لانسرز اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پہلے فری لانسنگ سے وابستہ نوجوانوں کو کام کی انجام دہی کے لیے گلگت یا راولپنڈی جانا پڑتا تھا، تاہم اب وہ اپنے آبائی علاقوں میں رہتے ہوئے بآسانی آن لائن خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق بیرون ملک مقیم افراد بھی 4G سروس کی بدولت اپنے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، جس سے سماجی روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے ایس سی او کے انٹرنیٹ کو تیز رفتار اور نیٹ ورک کو قابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر سروسز کی بدولت آن لائن روزگار کے مواقع بڑھے ہیں اور مقامی معیشت میں بھی بہتری آئی ہے۔مقامی افراد نے مواصلات کے شعبے میں ایس سی او کی خدمات کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ دور دراز علاقوں کو قومی دھارے سے مزید مؤثر طور پر جوڑا جا سکے۔