ایس ڈی پی آئی کا ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی)نے معروف ماہرِ معیشت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک اور عالمی ترقیاتی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔اتوار کوایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ایمبیسڈر (ر) شفقت کاکاخیل اور ایس ڈی …

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی)نے معروف ماہرِ معیشت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک اور عالمی ترقیاتی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔اتوار کوایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ایمبیسڈر (ر) شفقت کاکاخیل اور ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے جاری تعزیتی بیان میں کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر ایک غیر معمولی عوامی خدمت گزار، عالمی سطح پر قابلِ احترام پیشہ ور اور پالیسی سازوں، ماہرینِ معیشت اور ترقیاتی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے باعثِ تحریک تھیں۔

ڈاکٹر سلہری نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان اور عالمی سطح پر اہم ذمہ داریوں میں امتیازی خدمات انجام دیں جن میں نگراں وفاقی وزیرِ خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی گورنر اور حال ہی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن کے عہدے شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی دانائی، انکساری اور خاموش حوصلہ افزائی نے ایس ڈی پی آئی اور پالیسی سازی میں دیرپا اثرات چھوڑے۔ شفقت کاکاخیل نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر آخری ایام تک فکری اور پالیسی مباحث میں سرگرم رہیں۔ حال ہی میں 23–24 دسمبر کو انہوں نے ایس ڈی پی آئی کے ‘ڈیٹا فار ڈویلپمنٹ سمپوزیم’ میں شرکت کی اور فراخ دلی سے اپنی بصیرت اور رہنمائی فراہم کی۔

انہوں نے ایس ڈی پی آئی کے ساتھ بطور سینئر ایڈوائزر ایمریٹس خدمات انجام دینے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی، جو شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے ان کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ڈاکٹر سلہری اور سفیر کاکاخیل دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت سے بھرپور زندگی ان تمام افراد کے لیے رہنمائی اور تحریک کا ذریعہ بنی رہے گی جن کی انہوں نے سرپرستی اور حمایت کی۔

انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ان کا بچھڑ جانا ایک بڑا صدمہ ہے مگر ان کی اقدار، وژن اور خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔