ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن میں پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے لئے علمی و تربیتی دورے کا انعقاد

ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن نے علمی تبادلے اور عملی تربیت کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے 20 سے زائد اساتذہ اور طلبہ کے وفد نے دورہ کیا۔منگل کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے مہمانوں کے استقبال کے لئے خصوصی انتظامات کئے۔

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن نے علمی تبادلے اور عملی تربیت کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے 20 سے زائد اساتذہ اور طلبہ کے وفد نے دورہ کیا۔منگل کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے مہمانوں کے استقبال کے لئے خصوصی انتظامات کئے۔ دورے کے دوران منصوبے کے تکنیکی ماہرین نے وفد کو پاور سٹیشن کی بنیادی ٹیکنالوجیز، منصوبے کی مجموعی تفصیلات، تعمیراتی طریقہ کار اور آپریشنل مینجمنٹ سسٹمز کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔

وفد نے منصوبے میں استعمال ہونے والی جدید تعمیراتی تکنیکوں، ذہین انتظامی نظام اور چینی و پاکستانی عملے کے درمیان مؤثر تعاون اور مثالی ٹیم ورک کو سراہا۔ اس موقع پر منصوبے کی جانب سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں حاصل کردہ کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا گیا جو مقامی ترقی اور ماحولیاتی توازن کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔اساتذہ اور طلبہ نے پرتپاک استقبال اور پیشہ وارانہ معلومات کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے ان کے علمی اور فنی افق کو وسیع کیا، عملی مہارتوں میں اضافہ کیا اور پاکستان میں صاف توانائی کے پائیدار فروغ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم کردار کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن میں سرمایہ کاری، تعمیر اور آپریشن کی ذمہ داری چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے پاس ہے جو ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی بڑی شیئر ہولڈر بھی ہے۔ یہ منصوبہ 14 ستمبر 2024 کو باقاعدہ طور پر کمرشل آپریشن میں داخل ہوا تھا اور اب تک 3.5 ارب کلو واٹ گھنٹے سے زائد صاف اور ماحول دوست بجلی قومی گرڈ کو فراہم کر چکا ہے۔

سی پیک کے تحت ایک نمایاں گرین انرجی منصوبے کے طور پر ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن پاکستان کی اقتصادی ترقی اور توانائی کے تحفظ میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مستقبل میں منصوبہ مقامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور افرادی قوت کی تربیت کو ترجیح دینے کا عزم رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے ہائیڈرو پاور شعبے کے لئے ایک مؤثر تربیتی پلیٹ فارم کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں دیرینہ دوستانہ تعاون کو مزید مستحکم بنائے گا۔