ایشز سیریز،کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس پر خدشات بڑھ گئے، انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک

سڈنی ۔8اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا کی مردوں کی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس سے متعلق خدشات بڑھتے جا رہے ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 21 نومبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ایشز ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کمر کی انجری سے نجات کے بعد ان کی تازہ سکین رپورٹ میں کچھ …

سڈنی ۔8اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا کی مردوں کی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس سے متعلق خدشات بڑھتے جا رہے ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ 21 نومبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ایشز ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق کمر کی انجری سے نجات کے بعد ان کی تازہ سکین رپورٹ میں کچھ بہتری تو نظر آئی ہے، تاہم وہ تاحال باؤلنگ کے لیے کلیئر نہیں ہو سکے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، لیکن یہ بات واضح ہے کہ پیٹ کمنز اب بھی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کی واپسی یا سیریز میں شمولیت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔32سالہ پیٹ کمنز نے جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد سے کوئی گیند نہیں کروائی، اور ستمبر میں کمر کی انجری کا انکشاف ہوا۔ اس وقت انہوں نے ایشز سیریز کھیلنے کے لیے "رسک لینے” کی بات کی تھی، لیکن اب باؤلنگ کی تیاری کے لئے وقت کم پڑتا جا رہا ہے، جو میڈیکل سٹاف کے لئے قابلِ قبول نہیں۔

اگرچہ انہوں نے ٹانگوں کی ایکسرسائز کی ، تاہم کمر کی ایکسرسائز سے اجتناب کیا، کیونکہ اس کے باعث سافٹ ٹشو انجری کا خطرہ بھی بڑھ سکتا تھا ۔ ماضی میں بھی پیٹ کمنز کو ٹخنے اور پٹھوں کی انجریز کا سامنا رہا ہے، جن سے بچنے کے لیے انہیں خاص تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔آسٹریلیا کے باقی اہم فاسٹ باؤلرز مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور سکاٹ بولینڈ کی فٹنس اور شیڈول بھی اہم ہو گئے ہیں۔

ان میں سے کچھ کھلاڑی بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلیں گے جبکہ شیلڈ کرکٹ میں بھی شرکت متوقع ہے تاکہ پرتھ ٹیسٹ سے قبل تیاری مکمل ہو سکے۔پیٹ کمنز کی ممکنہ غیر موجودگی میں قیادت کا معاملہ بھی زیر بحث ہے، جہاں سابق کپتان سٹیو سمتھ کو ایک بار پھر ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا امکان ہے۔ وہ پہلے بھی 6 مرتبہ پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں قیادت کر چکے ہیں۔ موجودہ نائب کپتان ٹریوس ہیڈ بھی متبادل کے طور پر موجود ہیں، لیکن سٹیوسمتھ کو فوقیت دیے جانے کا امکان زیادہ ہے۔