ایشیائی ترقیاتی بینک نے سیلاب متاثرین کیلئے30 لاکھ ڈالر امداد کی منظوری دے دی

Asian Development Bank
Asian Development Bank

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک نے حکومت پاکستان کی سیلاب متاثرین اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہنگامی امدادی کاموںمیں مدد کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ گرانٹ کاشت کاروں کی فصلوں کے نقصانات کے ازالے،بنیادی ڈھانچہ کی دوبارہ تعمیر نو اور متاثرین کی آباد کاری کی مد میں فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے بڑے پیکج کی منظوری دی ہے ، ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ  سے مالی اعانت فراہم کی جانے والی یہ گرانٹ ملک بھر میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے خوراک کے سامان، خیموں اور دیگر امدادی سامان کی فوری خریداری کے لیے فنڈ فراہم کی جائے گی ۔

اے ڈی بی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔اے ڈی بی اعلامیہ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے لیے 30 لاکھ ڈالر کا فنڈ فراہم کیا جائے گا، رقم سے سیلاب میں غریب اور مستحق افراد سمیت بیمار خواتین اور بچوں کی مدد کریں گے۔فنڈز سے کاشت کاروں کی فصلوں کے نقصان کا ازالہ، دوبارہ فصلوں کی کاشت کا مواقع فراہم کیا جائے گا اور سیلاب سے تباہ سڑکوں، پلوں، تباہ حال گھر، سکول، ہسپتال اور دیگر عمارتوں کی تعمیر نو میں مدد کریں گے۔

اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی زوکوف نے کہا ہے کہ اے ڈی بی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ہم اس قدرتی آفت کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے حکومت اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی پاکستان یونگ یی نے کہاہماری ٹیم طویل مدتی بحالی کے لئے حکومت پاکستان اور کمیونٹیز کے ساتھ ملکر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا ررہاہے ۔