اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے۔ مرد کھلاڑی پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد جبکہ خواتین کھلاڑی کراچی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں تربیتی کیمپ میں 8 مرد کھلاڑی تربیت حاصل کررہے …
ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری
اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے۔ مرد کھلاڑی پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد جبکہ خواتین کھلاڑی کراچی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں تربیتی کیمپ میں 8 مرد کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں اور انہیں ہارون جنرل اور نزاکت علی جدید اور اعلی معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ کیمپ میں جو کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں ان میں ہنزلہ، رضوان، رزاق، حبیب اللہ، محسن، فرمان، احمد زیب اور زین اللہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے3 خواتین کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ آئندہ ماہ 25 سے 30 مارچ تک ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ فیڈریشن نے ایونٹ میں مرد قومی ٹیم کے انتخاب کےلئے ٹرائلز اسلام آباد میں لئے۔ ٹرائل میں ملک بھر سے 15 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں سے 8 باصلاحیت کھلاڑیوں کا پہلے مرحلے میں انتخاب کیا گیا ہے جن کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں سے ایونٹ کےلئے حتمی ٹیم کا انتخاب 16فروری کو کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد کیا جائے گا۔ ٹرائلز میں سے 6 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔ کھلاڑیوں کے ٹرائلز تین رکنی کمیٹی نے لئے جن میں نثار احمد، ہارون جنرل اور نزاکت علی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کےلئے باصلاحیت مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ملائشیاءبھیجوائیں گے اور توقع ہے کہ ایونٹ میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔









