وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور راستے جلد از جلد مکمل بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت، بجلی و سڑکوں کی بحالی کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔22اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور راستے جلد از جلد مکمل بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے، مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے ۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں میں جا کر بارشوں سے ہونے والے نقصان کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کرانے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام متاثرہ علاقوں میں اشیاء خوردونوش اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے جہاں اب تک رسائی نا ہونے سے امدادی سامان نہیں پہنچ سکا،۔ وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کو امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں اور این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کی جا چکی ہے، مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کی ٹیمز عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پورے ملک میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے اور مزید امدادی سامان بھیجنے کے حوالے سے اقدامات لیے جا رہے ہیں، بریفنگ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں جسکی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سردار اویس لغاری، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور ازاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔







