معرکہ حق دوسری ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ اور ورلڈ ماسٹرز گراں پری 2026 کا آغاز منگل کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں، آفیشلز، معزز مہمانوں اور شائقین نے شرکت کی۔تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ کرن عمران ڈار تھیں
ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):معرکہ حق دوسری ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ اور ورلڈ ماسٹرز گراں پری 2026 کا آغاز منگل کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں، آفیشلز، معزز مہمانوں اور شائقین نے شرکت کی۔تقریب کی مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ کرن عمران ڈار تھیں۔
انہوں نے شریک ممالک کے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد خان ترک کو بین الاقوامی مقابلے کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر کرن عمران ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کا خیرمقدم کرتا ہے، اس نوعیت کے مقابلوں کے انعقاد کے لئے محنت، لگن اور کھیلوں کی طاقت پر یقین ضروری ہے کیونکہ کھیل مختلف ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بھارتی وفد کو خصوصی طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مہمان کھلاڑی پاکستان میں قیام کے دوران پاکستانی عوام کی محبت اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے اور خوشگوار یادیں لے کر اپنے وطن واپس جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے، باہمی ہم آہنگی بڑھانے اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے بھی شریک وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ مختلف ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹرز ویٹ لفٹرز اپنی طاقت، عزم اور تجربے کے ذریعے ثابت کرتے ہیں کہ فٹنس، نظم و ضبط اور کھیلوں سے وابستگی زندگی بھر برقرار رکھی جا سکتی ہے۔پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد خان ترک نے کہا کہ چیمپئن شپ کا انعقاد وسیع منصوبہ بندی، باہمی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ سے بین الاقوامی روابط مضبوط ہوں گے اور نوجوان نسل میں ویٹ لفٹنگ اور جسمانی فٹنس کے فروغ میں مدد ملے گی۔پاکستان ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقد ہونے والی چیمپئن شپ میں 21 ممالک کے تقریباً 250 ماسٹرز ویٹ لفٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ مقابلے 25 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔








