سانتیاگو ۔4مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق چلی میں کھیلے جانے والے عالمی ہاکی کے کوالیفائر مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد تین ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر سانتیاگو میں تیسرے روز چار مردوں اور دو خواتین کے میچ کھیلے گئے جن میں کئی اہم فیصلے سامنے آئے۔مردوں کے پول اے میں فرانس نے …
ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر،تین ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

مزید خبریں
سانتیاگو ۔4مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق چلی میں کھیلے جانے والے عالمی ہاکی کے کوالیفائر مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد تین ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر سانتیاگو میں تیسرے روز چار مردوں اور دو خواتین کے میچ کھیلے گئے جن میں کئی اہم فیصلے سامنے آئے۔مردوں کے پول اے میں فرانس نے ویلز کو 0-5 گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ سکاٹ لینڈ اور میزبان چلی کے درمیان مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔ اس نتیجے کے بعد سکاٹ لینڈ ایک کامیابی اور ایک برابری کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ویلز ایک برابری اور ایک شکست کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔
سیمی فائنل میں رسائی کا فیصلہ آئندہ میچوں میں ہوگا۔مردوں کے پول بی میں پولینڈ اور آئرلینڈ نے فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ کینیڈا اور جنوبی کوریا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ پولینڈ نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ گراجان یارژنسکی اور توماش بیمبینک نے گول سکور کیے جبکہ کینیڈا کا آخری لمحوں کا گول بے سود ثابت ہوا۔ یارژنسکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آئرلینڈ نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ گریگوری ولیمز، لی کول، میتھیو نیلسن اور لوئس رو نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ آئرلینڈ کے شان مرے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جن کا کہنا تھا کہ ٹیم نے شاندار اجتماعی کھیل پیش کیا۔خواتین کے مقابلوں میں پول بی کے اہم میچ میں آئرلینڈ نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
نیام کیری اور کیوِم پرڈیو نے پنالٹی کارنر پر گول سکور کیے جبکہ جاپان کی مائی توریاما نے ایک گول واپس کیا۔ نیام کیری کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ایک اور خواتین میچ میں ملائیشیا نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر اس کے ورلڈ کپ کھیلنے کی امیدیں ختم کر دیں۔ خیرالنساء محمد، نور اظہر، زتی محمد، نورامیرا ذوالکفلی اور فاتن سکری نے گول سکور کیے۔ نور اظہر کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔مردوں کے ایک اور اہم میچ میں فرانس نے ویلز کو صفر کے مقابلے میں 5 گول سے زیر کیا۔
وکٹر شارلے نے ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ بینجمن مارکی نے 2 گول کیے۔ شارلے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔چلی اور سکاٹ لینڈ کے درمیان 2، 2 گول سے برابر رہنے والے میچ میں سیباسچیان وولانسکی اور خوان اموروسو نے چلی کے لیے جبکہ جیمی گولڈن اور اسٹرون واکر نے سکاٹ لینڈ کے لیے گول کیے۔
وولانسکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سکاٹ لینڈ کے کپتان رابرٹ فیلڈ نے کہا کہ مقابلہ سخت تھا اور ٹیم جیت کے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔یوں سانتیاگو میں جاری کوالیفائر مرحلہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ مزید سنسنی خیز صورت اختیار کر گئی ہے۔








