ایف آئی اے نے مبینہ انسانی اسمگلنگ کی منظم کوشش ناکام بنا دی

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی اسمگلنگ کی ایک منظم کوشش ناکام بنا دی اور باپ اور دو بیٹوں سمیت تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ انسانی اسمگلنگ کی ایک منظم کوشش ناکام بنا دی اور باپ اور دو بیٹوں سمیت تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق تینوں مسافر لاہور سے باکو جا رہے تھے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں مشکوک قرار دے کر ویریفیکیشن کاونٹر منتقل کیا گیا۔ویریفیکیشن کے دوران مسافروں کے قبضے سے البانیہ کے ویزے اور سربیا سے متعلق ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے، جبکہ ان کے موبائل فونز سے مبینہ ٹریول ایجنٹس سے رابطوں کے شواہد بھی ملے۔ابتدائی تفتیش میں مسافروں نے اعتراف کیا کہ ایک ایجنٹ نے انہیں غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے لیے سربیا اور آذربائیجان کا روٹ اختیار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنٹ کے ساتھ فی مسافر 40 لاکھ روپے میں معاہدہ طے پایا تھا، جس میں سے فی مسافر 34 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے تینوں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا ہے۔