ایف آئی اے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کریک ڈائون میں 1 ارب 99 کروڑ روپے برآمد

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سال 2025ء کے دوران ملک بھر میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایات پر سال 2025ء کے دوران ملک گیر سطح پر مجموعی طور پر 523 کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں …

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سال 2025ء کے دوران ملک بھر میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایات پر سال 2025ء کے دوران ملک گیر سطح پر مجموعی طور پر 523 کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں جن کے نتیجے میں 546 مقدمات درج کر کے 667 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 174 اہم انکوائریوں کی تفتیش بھی مکمل کر لی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی جس کی مجموعی مالیت 1 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

برآمد شدہ رقم میں 1 ارب 45 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے، 7 لاکھ 77 ہزار سے زائد امریکی ڈالر اور 32 کروڑ روپے مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسیاں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام رقوم غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی تھیں یا انہیں بغیر لائسنس کے تبادلے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا جس کی پاداش میں متعدد دکانوں، پلازوں اور مارکیٹوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔زونل سطح پر ہونے والی گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ پشاور زون 199 گرفتاریوں کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ بلوچستان زون سے 120، کراچی زون سے 101 اور ملتان زون سے 70 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ کوہاٹ سے 63، لاہور سے 58، اسلام آباد سے 22، فیصل آباد سے 15 اور حیدرآباد زون سے 14 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

یہ تمام ملزمان بغیر کسی قانونی دستاویز یا لائسنس کے کرنسی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔ایف آئی اے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں قرار واقعی سزائیں یقینی بنائی جائیں گی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر متحرک ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔