ایف بی آر اور ایران کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک معلومات کے تبادلہ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) فیڈر ل بورڈ آف ریونیو اور ایران کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک معلومات کے تبادلہ پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی تقریب کی صدارت محمد جاوید غنی ممبر کسٹمز پالیسی و آپریشنز نے کی۔ بعد ازاں چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ اس سے پہلے 4 مارچ …

اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) فیڈر ل بورڈ آف ریونیو اور ایران کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک معلومات کے تبادلہ پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی تقریب کی صدارت محمد جاوید غنی ممبر کسٹمز پالیسی و آپریشنز نے کی۔ بعد ازاں چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ اس سے پہلے 4 مارچ 2004ءکو ایران اور پاکستان کے درمیان کسٹمز باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے کی روشنی میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کسٹمز اور ایران کسٹمز کے درمیان الیکٹرانک معلومات کے تبادلہ پر مفاہمت کی یادداشت کو حتمی شکل دی جائے۔ مزید یہ کہ اشیاءکی قیمتوں اور دستاویزات کے تبادلہ پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تفتان۔میر جاوے بارڈر پر اشیاءاور مسافروں کی کلیئرنس کا خودکار نظام مرتب کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ایف بی آر کی ایران کسٹمز کے ساتھ فروری 2019ءاور اکتوبر 2019ءمیں بھی میٹنگز منعقد ہوئیں۔ اکتوبر 2019ءمیں ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکٹرانک معلومات کے تبادلہ پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں۔ ایر ان کی طرف سے ان کی ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کےلئے نامزد کیا گیا۔ اس موقع پر چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد نے کہا کہ اس مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے ایران کسٹمز اور ایف بی آر کو کئی فوائد حاصل ہوں گے جن میں سے قیمتوں اور اشیاءکی کوالٹی کی پیشگی معلومات جیسے فوائد بھی شامل ہیں۔ مزید یہ کہ بارڈر پر اشیاءکی کلیئرنس پر کم خرچ آئے گا اور درآمدی اشیاءکی صحیح قیمتوں کے باعث ریونیو میں اضافہ حاصل ہو گا۔ ممبر کسٹمز پالیسی و آپریشنز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دونوں ممالک کے کسٹمز اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ ملے گا جس کے باعث درپیش چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا جا سکے گا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے دونوں ممالک کے کسٹمز اداروں کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی اور امید کا اظہا ر کیا کہ اس یادداشت کے باعث دونوں ممالک کے کسٹمز ادارے اپنے ملکوں کے بہترین مفاد کو حاصل کر سکیں گے۔ دستخط کے بعد دونوں اطراف سے مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔