ایف بی آر کا صنعتی صارفین کیلئے بجلی اور گیس کنکشنز پر نیشنل ٹیکس نمبر اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر کی تبدیلی سے متعلق نیا معیاری طریقہ کار جاری

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صنعتی صارفین کے لئے بجلی اور گیس کنکشنز پر نیشنل ٹیکس نمبر(این ٹی این) اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر (ایس ٹی آراین) کی تبدیلی سے متعلق نیا معیاری طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ سیلز ٹیکس سرکلر نمبر 03، 2025 کے مطابق اب کوئی بھی ڈسٹری بیوشن کمپنی یا گیس …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صنعتی صارفین کے لئے بجلی اور گیس کنکشنز پر نیشنل ٹیکس نمبر(این ٹی این) اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر (ایس ٹی آراین) کی تبدیلی سے متعلق نیا معیاری طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ سیلز ٹیکس سرکلر نمبر 03، 2025 کے مطابق اب کوئی بھی ڈسٹری بیوشن کمپنی یا گیس کمپنی مقررہ طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کے بغیرصنعتی کنکشن پر این ٹی این یا ایس ٹی آر این میں تبدیلی نہیں کرے گی،نئے طریقہ کار کے مطابق صنعتی صارف یا رجسٹرڈ شخص سب سے پہلے بجلی یا گیس کے بلوں پر این ٹی این اور ایس ٹی آراین کی تبدیلی کیلئے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو درخواست دے گا۔

کمشنران لینڈریونیو درخواست دہندہ کی تفصیلات کی تصدیق کرے گا جس میں کاروباری جگہ کی فزیکل جانچ بھی شامل ہوگی، اگر کمشنر کو اطمینان ہو کہ فراہم کردہ معلومات درست ہیں تو وہ متعلقہ بجلی یا گیس کمپنی کو مطلوبہ تبدیلی کیلئے باقاعدہ تحریری احکامات جاری کرے گا جس کے بعد متعلقہ کمپنی کمشنر کی سفارش پر صارف کے بلوں میں نیا این ٹی این اور ایس ٹی آراین درج کرے گی۔

ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو،تمام متعلقہ دفاتر، ڈسکوز اور گیس کمپنیوں کو نئے طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔