ایف جی ای ایچ اے کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی 15 اور 16 ستمبر کو ہوگی

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے اہم سیکٹرز جی-13 اور جی-14 میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی 15 اور 16 ستمبر کو ہوگی جس کے لیے سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ایف جی ای ایچ اے کی آکشن مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں …

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے اہم سیکٹرز جی-13 اور جی-14 میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی 15 اور 16 ستمبر کو ہوگی جس کے لیے سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ایف جی ای ایچ اے کی آکشن مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے انتظامات، طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سرمایہ کاروں کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے نیلامی کی مجموعی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو کامیاب انعقاد کے لیے ضروری ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔اتھارٹی کے مطابق دونوں روز نیلامی کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا اور اس کا انعقاد گرینڈ مارکی انکلیو، مارگلہ روڈ، ای-11 اسلام آباد میں کیا جائے گا۔نیلامی میں جی-14 مرکز اور جی-14/2، جی-14/3 اور جی-14/4 کے کمرشل شاپنگ سینٹرز سمیت اہم مقامات پر واقع کمرشل پلاٹس پیش کیے جائیں گے جبکہ جی-13 میں کلاس تھری اور جدید کارپوریٹ و آفس پلاٹس بھی نیلامی کا حصہ ہوں گے۔ایف جی ای ایچ اے کے مطابق جی-13 اور جی-14 اسلام آباد کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے علاقوں میں شمار ہوتے ہیں جہاں رہائشی آبادی کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث یہ علاقے کمرشل سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں۔

اتھارٹی نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے واجب الادا رقم دو سال کی آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ یکمشت ادائیگی پر 10 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔ نیلامی میں شامل پلاٹس کو میٹرو اور اہم شاہراہوں سے براہ راست رسائی حاصل ہے جبکہ موٹروے ایم ون اور ایم ٹو سے تقریباً 8 کلومیٹر اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ایف جی ای ایچ اے کے مطابق 25 فیصد ابتدائی ادائیگی کے بعد بقایا رقم آسان اقساط میں ادا کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اتھارٹی نے ملک بھر بالخصوص اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، ڈویلپرز اور کمرشل پراپرٹی میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو نیلامی میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔مزید معلومات، نیلامی کی شرائط و ضوابط اور دیگر تفصیلات ایف جی ای ایچ اے کی ویب سائٹ یا فون نمبر 051-9106466 سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

 

مزید خبریں