ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان کے خلاف آپریشن،87املاک سربمہرکر دیں

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹاون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے

لاہور۔18اگست (اے پی پی):ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹاون پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اورکمرشل فیس نادہندگان املاک کے خلاف متحرک ہے۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روزمختلف سکیموں اور ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آپریشن کرکے87املاک سربمہرکر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، کینال روڈ، شادمان، نیومسلم ٹاون، پونچھ روڈ اورسبز ہ زار میں آپریشن کیا۔

ایل ڈی اے ٹیموں نے غیرقانونی کمرشل استعمال پرگلبرگ میں 20املاک سربمہرکر دیں۔غیرقانونی کمرشل استعمال، کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پرکینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاون اور پونچھ روڈ پر47املاک سیل کر دیں۔ ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں 20املاک سیل کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول،گراسری سٹور،کلینک،بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران،فوڈ پوائنٹ، جم، ہارڈ ویئر سٹور، الیکڑک سٹور، فارمیسی، دکانیں،شو روم، دفاتر ودیگر شامل ہیں۔

آپریشن چیف ٹاون پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔